ڈبلن: آئرلینڈ کے معروف کامیڈین، اداکار اور ریڈیو میزبان پی جے گیلاگر 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ڈبلن میں مقیم پی جے گیلاگر کے پسماندگان میں ان کی شریک حیات کیلی ڈولن اور جڑواں بچے، بیٹا مائلو اور بیٹی اسٹیوی شامل ہیں۔
ان کے انتقال کے بعد اہل خانہ نے عوام اور مداحوں سے اپیل کی ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
پی جے گیلاگر نے 2005 میں آئرلینڈ کے نشریاتی ادارے آر ٹی ای کے مقبول پروگرام ’نیکڈ کیمرا‘ سے نمایاں شہرت حاصل کی۔ انہوں نے اس پروگرام کو مشترکہ طور پر تخلیق کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں جیک اسٹیونز سمیت کئی یادگار کردار نبھائے۔
اس شو میں پی جے گیلاگر اور ان کے ساتھی فنکاروں، جن میں کامیڈین میو ہگنز اور پیٹ میک ڈونل بھی شامل تھے، عام شہریوں سے اچانک مزاحیہ انداز میں گفتگو کرتے اور انہیں دلچسپ حالات سے دوچار کرتے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے کامیڈی اسکیچ شو ’میٹ یور نیبرز‘ میں بھی کام کیا، جس میں تمام مرکزی کردار انہوں نے خود ادا کیے۔
حالیہ برسوں میں پی جے گیلاگر مقبول ٹی وی سیریز ’دی ینگ آفینڈرز‘ میں پرنسپل بیری والش کے کردار میں نظر آئے، جبکہ اس سیریز کی ابتدائی فلم میں انہوں نے منشیات فروش کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کے حالیہ ٹیلی ویژن منصوبوں میں ’دی رینڈم ڈرائیونگ ٹیسٹ‘ بھی شامل تھا، جس کی پہلی قسط ستمبر میں آر ٹی ای ون پر نشر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن رولز 2026 جاری، جلسے جلوسوں اور انتظامی امور کے نئے ضابطے نافذ
رواں سال وہ ’ان چارٹڈ‘ کے دوسرے سیزن میں بھی شریک ہوئے، جہاں اداکار لیام کننگھم اور میزبان رے گوگنز کے ساتھ ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں موٹر سائیکل مہم کا حصہ بنے۔ وہ ایک سرگرم اسٹینڈ اپ کامیڈین بھی تھے اور ووڈافون کامیڈی فیسٹیول کے تحت ایوگ گارڈنز میں چھ مرتبہ پرفارم کر چکے تھے۔
کامیڈی اور اداکاری کے علاوہ پی جے گیلاگر ریڈیو کے بھی مقبول میزبان تھے اور ریڈیو نووا کے ناشتے کے پروگرام ’مارننگ گلوری‘ میں میزبان جم میک کیب کے ساتھ شریک میزبان کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
پی جے گیلاگر ذہنی صحت کے مسائل، خصوصاً شدید ڈپریشن اور اضطراب سے اپنی جدوجہد پر بھی کھل کر بات کرتے رہے تھے اور اس سلسلے میں ذہنی صحت کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے سینٹ پیٹرک میں 11 ہفتے زیر علاج بھی رہے تھے۔
2024 میں ان کی زندگی اور ذہنی صحت کے تجربات پر مبنی دستاویزی فلم ’پی جے گیلاگر: چینجنگ مائی مائنڈ‘ بھی نشر کی گئی تھی، جبکہ وہ ڈبلن کی فٹ بال ٹیم بوہیمینز اور ڈبلن جی اے اے کے پرجوش حامی بھی تھے۔
ریڈیو نووا کے چیف ایگزیکٹو کیون برینیگن نے پی جے گیلاگر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک تھے اور ادارے کا ایک اہم حصہ سمجھے جاتے تھے۔
ان کے مطابق پی جے گیلاگر کی گرم جوشی، حس مزاح، فراخ دلی اور لوگوں سے جڑنے کی صلاحیت نے ساتھیوں اور سامعین کو بے شمار خوشیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی جے گیلاگر کی کمی ساتھیوں، دوستوں، سامعین اور وسیع تر تفریحی حلقوں میں شدت سے محسوس کی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے مرحوم کی اہلیہ اور بچوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔





