حرمین شریفین کے تقدس کا ہر حال میں تحفظ کریں گے، سعودی عرب کے لیے پاک فوج کے دستے روانہ، الوداعی تقریب منعقد

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے پاکستانی فوجی دستوں کے اعزاز میں گزشتہ روز ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق تقریب میں پاکستان میں تعینات مملکت سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تمیمی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لیے پاک فوج کے دستوں کی یہ روانگی دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری اور مضبوط برادرانہ روابط کی عکاس ہے، اور یہ اقدام پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

 اعلامیے کے مطابق پاکستان مملکت کی سکیورٹی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم پر پوری طرح قائم ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تعینات ہونے والے دستے سعودی سرزمین کے اندر باہمی اتفاقِ رائے سے طے شدہ ذمہ داریوں اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں گے، جس سے ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق الوداعی تقریب نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اخوت، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے پائیدار رشتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اس کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاکستان کے مضبوط عزم کو بھی نمایاں کیا ہے۔

Scroll to Top