پشاور: خیبر پختونخوا میں سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ کے مطابق صوبے میں تقریباً ساڑھے بارہ ہزار نئے اساتذہ کی بھرتی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے تدریسی عمل کو مستحکم کرنے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بتایا کہ بھرتی کے پچھلے مرحلے میں جو امیدوار پہلے ہی امتحان دے چکے ہیں، ان میں سے میرٹ اور مروجہ پالیسی کے مطابق مزید سات ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔
اس اقدام سے کامیاب اور امتحان میں شریک امیدواروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ تعلیمی اداروں میں درکار عملے کی کمی کا بڑا حصہ پورا ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : معروف آئرش کامیڈین پی جے گیلاگر 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
مشیر تعلیم کے مطابق اسکولوں میں ڈبل شفٹ کے نظام اور انٹرن شپ کے تحت دس ہزار مزید اساتذہ کا تقرر بھی کیا جائے گا، جس سے مختلف علاقوں اور شفٹوں میں تدریسی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے میں سہولت ملے گی۔
اس کے علاوہ تین ہزار تین سو نئے سبجیکٹ سپیشلسٹ اساتذہ کی بھرتی کے لیے باقاعدہ عمل بھی جلد شروع کر دیا جائے گا، تاکہ مخصوص مضامین میں ماہر اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔





