اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام پانچ بجے طلب کرنے کے لیے سمری ارسال کر دی گئی ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت اجلاس طلب کریں گے، جو 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق اجلاس میں اہم قانون سازی کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام جماعتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جبکہ ایوان میں ماحول سازگار رکھنا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی یہ سمری ایسے وقت میں بھیجی گئی ہے جب ملکی سیاست میں ہلچل تیز ہے اور اہم سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ روز نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان، تعلیمی شعبے میں ہزاروں نئی آسامیوں کا عمل شروع
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے فوراً بعد بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
اس سے قبل لاہور میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کی، جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی شریک تھے۔ اس ملاقات میں موجودہ سیاسی منظرنامے اور صوبوں سے متعلق معاملات سمیت مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔
صدر زرداری نے محسن نقوی سے ملاقات سے ایک روز قبل جمعے کو سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر کے قومی امور اور سیاسی صورتِ حال پر بات چیت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن رولز 2026 جاری، جلسے جلوسوں اور انتظامی امور کے نئے ضابطے نافذ
ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کو اس وقت مزید تقویت ملی جب محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے بیان کے بعد حالیہ دنوں میں ان کی جانب سے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ سامنے آیا۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں بالخصوص سندھ کی تقسیم کی سخت مخالفت کر چکے ہیں اور تقسیم کی صورت میں بدامنی و خونریزی کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔
نئے صوبوں کی بحث کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ اصلاحات پر بحث ہو رہی ہے اور امید ہے کہ اس سے کوئی قومی اتفاقِ رائے پیدا ہوگا۔ ان کے مطابق پنجاب سے متعلق فیصلہ بھی قومی اتفاقِ رائے سے کیا جائے گا۔
ادھر وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف تمام جماعتوں کو صوبوں کے معاملے پر اعتماد میں لے رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ سب اس اہم معاملے پر متفق ہوں، تاہم مسلم لیگ (ن) کو کسی بھی معاملے میں کسی کی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہے اور قیادت کے متفقہ فیصلے سے سب کو آگاہ کیا جائے گا۔





