پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے سربراہ جنید اکبر خان نے عید کے بعد اپوزیشن کے متوقع احتجاج کے حوالے سے اپنی پارٹی کی تیاریوں کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے کوئی امید نہیں ہے اور اب ہمارے پاس احتجاج کا آپشن رہ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر احتجاجی تحریک شروع کی جائے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خواہش ہے، ہماری ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران کچھ غلطیاں ہوئیں، اور اب ہماری کوشش یہ ہوگی کہ ان غلطیوں کو دوبارہ نہ دہرایا جائے۔
جنید اکبر خان نے احتجاجی حکمت عملی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلام آباد پہنچنے تک مختلف راستوں اور آپشنز کی تیاری ہے، ان میں سے کچھ آپشنز میں روڈ بلاک کرنا، ڈسٹرکٹ سطح پر احتجاج کرنا، اور اسلام آباد میں پُرامن احتجاج شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی اور مولانا کے درمیان فاصلے کم کرنے میں وقت لگے گا, جنید اکبر
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی آپشن ہے کہ اڈیالہ جیل کے سامنے کیمپ لگایا جائے، اور خیبرپختونخوا سے آنے والی شاہراہوں کو بند کیا جائے۔ جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام فیصلے عمران خان کی قیادت میں کیے جائیں گے اور ان کے فائنل فیصلہ کے مطابق عمل کیا جائے گا۔