امریکی ٹیرف پر بات چیت ترجیح، جوابی اقدامات نہیں اٹھائیں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ میں ٹیکس بڑھانے کا عندیہ دے دیا

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

چین کے نشریاتی ادارے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ معیشت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، حکومت ملکی برآمدات کو بڑھانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں بجلی کے نرخوں میں کمی لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی وزیر اعظم کی طرف سے اعلان متوقع ہے، اس اقدام سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ، ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں کو ٹیکس نظام میں شامل کیا جائے گا، ٹیکس بنیادوں کو وسعت دے کر مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مجموعی اور بنیادی مہنگائی کی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، رواں برس شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے، شرح سود میں کمی سے اقتصادی ترقی کے لیے حالات مزید بہتر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا ملکی معاشی صورتحال پر ردعمل،حیران کن بات کہہ دی

  انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کیلنڈر سال میں پہلا چینی یوان بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، یوان بانڈ کی مالیت 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی، بانڈ کا حجم اہم نہیں بلکہ فنڈنگ ذرائع میں تنوع مقصود ہے، اس فنڈ کا استعمال موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ چینی یوان بانڈ جاری کرنے کا مقصد امریکا، یورپ اور اسلامی سکوک کی روایتی منڈیوں سے ہٹ کر مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانا ہے، یہ ایک موزوں وقت ہے کہ پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور گہری کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھائے۔

Scroll to Top