وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے مردان کے علاقے کاٹلنگ میں ہونے والی ہلاکتوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں ہونے والی ہلاکتیں ان افراد کی ہیں جو دہشتگرد تھے۔
انہوں نے وضاحت دی کہ مردان کے کاٹلنگ علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس کارروائی کے بارے میں زیادہ تفصیلات ان کے علم میں نہیں ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کی حالیہ بریفنگ میں آرمی چیف نے واضح طور پر یہ عزم ظاہر کیا تھا کہ دہشتگردوں کے کمین گاہوں کو ختم کیا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ کاٹلنگ میں کی جانے والی کارروائی میں جو ہلاکتیں ہوئیں، وہ دہشتگردوں کی تھیں اور یہ آپریشن مثبت اور قابل اعتماد اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشتگرد اپنے بیوی بچوں کو ساتھ رکھ کر دہشتگردی کی تیاری کرتے ہیں تو ایسے میں کارروائی کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں دہشتگردوں کی بالواسطہ حمایت کرنے والی باتیں نہیں کرنی چاہئیں اور یہ سمجھنا ضروری ہے کہ دہشتگردوں تک پہنچنے کے لئے کوئی بھی تدبیر اختیار کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی یکجہتی ضروری ہے،رانا ثنا اللہ
دوسری جانب مردان کے علاقے کاٹلنگ شموزو میں مبینہ ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی نماز جنازہ سوات میں ادا کر دی گئی۔ ان 9 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور گزشتہ روز کے حملے میں وہ جاں بحق ہو گئے تھے۔





