کاٹلنگ بازار میں گائیڈز کی ضبطی، تعلیمی اداروں کے قریب دفعہ 144 کی پابندی

مردان: ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاٹلنگ نے آج کاٹلنگ بازار میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں جیب سائز گائیڈز ضبط کرلیں۔

یہ کارروائی تعلیمی اداروں کے قریب ممنوعہ مواد کی فروخت کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر مردان کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت جیب سائز گائیڈز، گیس پیپرز اور اس نوعیت کے دیگر مواد کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی خلاف ورزی پر ذمہ دار دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مردان نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی ماحول کو صاف اور نقل سے پاک رکھنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں پشاور ہائی کورٹ نے میٹرک امتحانی مراکز کی منتقلی پر فیصلہ محفوظ کر لیا

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کے قریب اس قسم کے مواد کی فروخت کا سدباب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ طلباء کو تعلیمی ماحول میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top