بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک منفرد سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ویرات کوہلی آئی پی ایل میں ایک ہزار باؤنڈریز (چوکے اور چھکے) لگانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلنے والے ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ جمعرات کو دہلی کیپیٹلز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انجام دیا۔
ویرات کوہلی نے اس سنگ میل کو بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھے اوور کی تیسری گیند پر اکشر پٹیل کو چھکا مار کر عبور کیا۔
اب تک آئی پی ایل کے تمام 18 سیزن میں حصہ لینے والے صرف 4 کھلاڑیوں میں شامل ویرات کوہلی نے 257 میچز کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 721 چوکے اور 280 چھکے مارے ہیں۔
کوہلی نے ایک ہزار باؤنڈریز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے اس فہرست میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے درج کرا لیا۔ وہ پہلے ہی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ چوکے مارنے والے بیٹر ہیں، جبکہ چھکوں کی فہرست میں وہ کرس گیل (357) اور روہت شرما (282) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ویرات کوہلی چیمپئنز ٹرافی فائنل سے پہلے انجری کا شکار، فٹنس پر سوالات
اس کے علاوہ ویرات کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں، جنہوں نے 257 میچز میں 8 ہزار 190 رنز اسکور کیے ہیں۔
کوہلی کا یہ سنگ میل نہ صرف ان کی مستقل مزاجی اور کرکٹ میں مہارت کا عکاس ہے بلکہ آئی پی ایل کی تاریخ میں ان کے اہم مقام کو بھی ثابت کرتا ہے۔





