مہمند: ضلع مہمند میں آفیون (پوست) کی غیر قانونی کاشت کے خلاف پولیس کی منظم کارروائیاں جاری ہیں
جن کے تحت تھانہ امبار پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 15 کنال اراضی پر کاشت کی گئی پوست کی فصل تلف کر دی۔
ڈی پی او مہمند اکرام اللہ خان PSP کی خصوصی ہدایت پر منشیات کے خلاف مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سرکل پشم گل کی نگرانی اور ایس ایچ او شیر زمین خان کی قیادت میں ایس آئی نیاز گل خان، ایس آئی زبیر خان اور دیگر پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے شورائے آمبار کے علاقے میں کامیاب آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران کھیتوں اور قریبی گھروں میں غیر قانونی طور پر اگائی گئی آفیون کی فصل کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق 15 کنال اراضی پر مشتمل پوست کی کاشت کو موقع پر ہی ختم کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان 4 سالہ مدت کے لیے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب
ڈی پی او مہمند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔





