لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پہلے ہی معاہدہ طے پا چکا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ بھارت ایونٹ کا میزبان ہے، اس لیے یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ ٹیموں کو کہاں میزبانی فراہم کرتا ہے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے علاوہ کسی بھی دوسرے مقام پر کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تھائی لینڈ کو شکست دیکر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا
ویمن ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ جب ٹیم متحد ہو کر کھیلتی ہے تو اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ویمن کرکٹرز کو ان کی شاندار کارکردگی پر انعام دیا جائے گا کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کے لیے ضروری ہے کہ یکجہتی سے کھیلے تاکہ عمدہ نتائج حاصل ہوں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ویمن ٹیم میں وقتاً فوقتاً چھوٹی تبدیلیاں کی جاتی رہیں، جس کے بعد اب ٹیم ایک درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے۔ اسی تسلسل کے ساتھ انڈر 19 ٹیم، شاہینز اور قومی ٹیم کے بھی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
قومی ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اہم فیصلے جلد متوقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عاقب جاوید سے عبوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کی درخواست کی گئی تھی، جو ایک عارضی فیصلہ تھا۔ اب آئندہ ہفتے اس حوالے سے مزید پیشرفت متوقع ہے۔





