ایران نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی

اسلام آباد: ایران نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کو تیار ہے، اور وہ خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان اور بھارت کے ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے ثقافتی اور تہذیبی تعلقات میں جڑا ہوا ہے، اور اس کی کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان امن قائم ہو۔

ایران اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا، جس میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایرانی کوششوں کو سراہا۔

اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے مسقط میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا، اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کی طرف ایک قدم آگے بڑھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور بھارت اپنا مسئلہ خود حل کرلیں گے، ٹرمپ

یہ پیشکش اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی جاری ہے، اور دونوں ممالک مختلف مسائل پر ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔

ایران کی جانب سے ثالثی کی پیشکش اس بات کا غماز ہے کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان جنگی صورتحال کو کم کرنے اور علاقائی امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

Scroll to Top