پاکستان اور بھارت اپنا مسئلہ خود حل کرلیں گے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان اور بھارت کے رہنما کسی نہ کسی طریقے سے اپنے مسائل خود ہی حل کر لیں گے۔

ایئرفورس ون میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے کشیدہ رہے ہیں، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کی قیادت باشعور اور مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کا یقین ہے کہ پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں کو اپنے معاملات کا مکمل ادراک ہے، اور دونوں ممالک اپنے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دونوں کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو امن و استحکام کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت امن اور استحکام کی طرف قدم بڑھائیں، مگر ان کا مسئلہ دونوں ممالک خود ہی بہتر جانتے ہیں اور حل بھی دونوں کی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں قومی یکجہتی نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا، مولانا فضل الرحمان

واضح رہے کہ ماضی میں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی، تاہم بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے باوجود ٹرمپ کا یہ کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کو خود ہی حل کریں گے۔

Scroll to Top