سری لنکا سے شکست، انگلش کپتان ہیری بروک نے دل کی بات کہہ دی

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے سنسنی خیز مقابلے میں 429 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہونے والی انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے اپنی ڈبل سنچری کو بے معنی قرار دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے 430 رنز کا مشکل ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرکے انگلینڈ کو حیران کن شکست سے دوچار کردیا۔

اس کامیابی کے ساتھ سری لنکن ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ انگلش کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 114 گیندوں پر 202 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ ان کی یہ اننگز ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری قرار پائی۔

ہیری بروک کی ریکارڈ ساز اننگز بھی انگلینڈ کو فتح نہ دلا سکی اور سری لنکا نے غیر معمولی تعاقب کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہیری بروک کی ڈبل سنچری بھی کام نہ آسکی، سری لنکا نے انگلینڈ کو ہرا دیا

شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیری بروک نے کہا کہ وہ ہمیشہ میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں، ڈبل سنچری بنانے کے باوجود ٹیم کی شکست پر خوشی محسوس نہیں کی جاسکتی۔

انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ڈبل سنچری کی کوئی اہمیت نہیں، کیونکہ اصل مقصد ٹیم کو کامیابی دلانا تھا۔

انہوں نے سری لنکن ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حریف کھلاڑیوں نے شاندار کرکٹ کھیلی، باؤنڈریز لگانے کے ساتھ ساتھ سنگلز لے کر بھی اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔

Scroll to Top