اس بار چائے فنٹاسٹک نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابل برداشت ہوگی، بیرسٹر سیف

اس بار چائے فنٹاسٹک نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابل برداشت ہوگی، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ بھارت جارحانہ اقدام سے باز رہے ،پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے ۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بھارت کی جانب سے حالیہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد کشمیری عوام پر جاری ظلم و جبر اور فسطائی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپنی فاشسٹ سوچ کے تحت پورے برصغیر کو آگ میں جھونکنے کے درپے ہے۔

بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ بھارت اسکرپٹڈ ڈراموں کی آڑ میں معصوم کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے باز رہے، بصورت دیگر پاکستان دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا خوب جانتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو اس بار چائے فنٹاسٹک نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابل برداشت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر دشمن کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور بھارت کا کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن یا پروپیگنڈا پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے بانی چیئرمین اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین واحد رہنما ہیں جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک موجودہ بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ موجودہ سنگین حالات میں قومی اتحاد ناگزیر ہے اور بانی چیئرمین کی رہائی کے بغیر کسی بھی قسم کی قومی یکجہتی ممکن نہیں۔

Scroll to Top