بھارت میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے والے شخص کو ہجوم نے تشدد کر کے مار ڈالا

منگلورو (کرناٹک): بھارت میں انتہا پسندی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، جہاں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے پر ایک نوجوان کو ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران نوجوان نے مبینہ طور پر “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگایا، جس پر ہجوم مشتعل ہوگیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقتول شخص موقع پر ہلاک نہیں ہوا تھا بلکہ تشدد کے باعث زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نوجوان کی موت اندرونی چوٹوں اور خون بہنے کی وجہ سے ہوئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مقتول نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم اطلاعات ہیں کہ اس کا جھگڑا ایک “سچن” نامی نوجوان سے ہوا تھا، جس کے بعد اس نے اپنے ساتھیوں کو بلا کر مقتول پر حملہ کروایا۔

یہ بھی پڑھیں قوم کے اتحاد کا مؤثر فورم پارلیمنٹ ہے، بھارت کو ہر محاذ پر جواب دیں گے، خرم دستگیر

وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعے کی مکمل رپورٹ کا انتظار ہے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کسی کو بھی ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

واقعے کے بعد بھارت میں اقلیتوں اور اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top