بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کی ممکنہ جارحیت کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موجود ہیں کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایک خصوصی گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خودساختہ کردار پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود گزشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور دنیا میں ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تاکہ سچائی سامنے آ سکے، لیکن بدقسمتی سے بھارت نے اس سنجیدہ پیشکش کو رد کرتے ہوئے تصادم کے راستے کو ترجیح دی، جو کہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات سے گریز خود اس کے اصل عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔ سیاسی مفادات کے لیے عوامی جذبات کو جان بوجھ کر بھڑکانا اور ایسے فیصلے کرنا نہایت افسوسناک اور خطرناک عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت میں ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے والے شخص کو ہجوم نے تشدد کر کے مار ڈالا

وفاقی وزیر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور بھارت کی کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھے کیونکہ کسی بھی ممکنہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔

Scroll to Top