امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
روبیو نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس رابطے کے دوران مارکو روبیو نے پہلگام حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھی اس بات چیت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ روبیو نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیر اعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں اپنے نقطہ نظر سے روبیو کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ کا رابطہ، پہلگام واقعے پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا
وزیر اعظم نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کیا۔
مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام جاری رکھنا ہوگا۔





