وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیرولو نے ملاقات کی ۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب ایردوان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے ترکیہ کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی اشتعال انگیز یوں کے باوجود پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ رہا۔پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ 152 ارب امریکی ڈالرز سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کسی بھی قسم کا ثبوت دینے میں ناکام رہا اور وہ پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی سازش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر کو شکست دیدی
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے پس پردہ حقائق کا پتہ لگانے کے لیے قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پاکستان کی پیشکش کا جواب بھی نہیں دیا۔ پاکستان واقعے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا، اگر ترکیہ تحقیقات میں شامل ہوتا ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔





