8 لاکھ فوج کے باوجود کشمیر میں سیاحتی مقامات بند کرنا بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، مشعال ملک

8 لاکھ فوج کے باوجود کشمیر میں سیاحتی مقامات بند کرنا بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، مشعال ملک

کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور حریت رہنما مشعال ملک نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 48 سیاحتی مقامات کی بندش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی کے باوجود سیاحتی مقامات کو بند کرنا بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ مودی حکومت ہمیشہ الیکشن سے قبل کسی نہ کسی پروپیگنڈے کا سہارا لیتی ہے اور یہ حالیہ اقدامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے بھی اب آوازیں اٹھنے لگی ہیں اور کانگریس کے رہنما بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر لب کشائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

مشعال ملک نے واضح کیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے منتظر ہیں اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے ان پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت کی خوشنودی یا سیاست کا نیا تماشا؟ بھارتی وزیر کا پاکستان سے متعلق متنازع بیان

کشمیری رہنما مشعال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو اس کے جابرانہ اقدامات سے روکے۔

Scroll to Top