ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے گذشتہ شب سویلین آبادی پر بزدلانہ اور افسوسناک حملے میں شہادتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 31معصوم شہید ہوچکے ہیں اور 57زخمی ہوچکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے نیوز کانفرنس کرتے ہوئےبتایاکہ ان شہادتوں اور زخمیوں کی بڑی وجہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جاری شدہ بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزی ہے۔بھارت کے اس بزدلانہ حملے کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ حملہ 6اور7مئی کی شب بھارت کا مکروہ اور گھناونا چہرہ سب کے سامنےبے نقاب کرتی ہےکہ ہمارا دشمن اتناکم ظرف اور بزدل ہے کہ اپنے سامنے مدمقابل فوج سے لڑنے کی بجائے وہ رات کو بزدلوں کی طرح چھپ کر معصوم شہریوں کواور آبادیوں کو نشانہ بناتاہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حملے میں شہید ہونے والے معصوم بچے جنہوں نے زندگی کی بہاریں دیکھنی تھی کیا یہ ہیں وہ دہشت گرد جن کو بھارت نے 6اور 7مئی کی شب کو نشانہ بنایا ۔بھارت سے یہی امید رکھی جاسکتی ہے،اس سے پہلے ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں،ہم سب کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کس طرح اپنی پروکسیز کے زریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہاہے۔اس کے شواہد آپ سب کے سامنے ہیں،دنیا کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب ریاست پاکستان نے ان دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کیا ان کیلئے زمین تنگ کرنی شروع کردی تو بھارت خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کاروائی پر اتر آیاکیونکہ 6اور 7کی شب کو جو ہوا جو معصوم شہریوں کو اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھاکہ یہ بات اب ثابت ہوچکی ہے کہ بھارت بین القوامی دہشت گردی اور قتل وغارت میں بھارت کس طرح ملوث ہےاور یہ بات صرف ہمارے سامنے نہیں دنیاکے سامنے بھی شواہد اور ثبوت کے ساتھ ثابت ہوچکی ہے۔بھارتی فوج کا ایک اور عمل جو کل کی شب کو دیکھا گیا کہ کس طرح پاکستان میں مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایاگیا ،قرآن پاک شہید کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صرف ملٹری ٹارگٹ کو چنا، نہ کہ سویلین کو نشانہ بنایا، پاکستان نے دشمن کے جدید طیاروں کو دھول چٹائی اور 3 رافیل، دو دیگر طیاروں کو تباہ کیا جبکہ دشمن کی فوجی چوکیوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 7 بھارتی ڈرونز گرائے اور 2 کو اپنے قبضے میں لیا، ابھی تک ان تمام انگیجمنٹ میں پاکستانی افواج میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا یعنی پاک فوج کا کوئی جوان شہید نہیں ہوا اور ایئرفورس کے کسی طیارے کو نقصان بھی نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ تب کیا گیا جب پاکستان مقامی اور عالمی میڈیا کو ان مقامات کا دورہ کروا رہا تھا جن کے بارے بھارت نے جھوٹا بیانیہ بنایا کہ وہاں دہشتگرد موجود ہیں ، اس سے پہلے بھارت کے جھوٹ کا پردہ چاک ہوتا بھارت نے حملہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے حملہ کیا اس وقت 57 پروازیں سفر میں تھیں اور ان میں ہزاروں مسافر موجود تھے، یہ صرف پاکستان نہیں بلکہ سعودی ، چینی ، کوریا اور دیگر ممالک کی پروازیں تھیں اور بھارت نے ان تمام پروازوں کو خطرے میں ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کارروائی کا مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، اقوام متحدہ کے قانون کے تحت پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے اور افواج قوم کو باور کراتی ہیں کہ شہدا کے خون کے آخری قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی اس کا خمیازہ اسے ضرور بھگتنا ہوگا،وزیراعظم
انہوں نے مزید کہا کہ قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج اور قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے اور قوم کو افواج پر اور افوج کو اپنی قوم پر فخر ہے۔





