دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان مفاہمت، امریکا اور چین میں تجارتی معاہدہ طے

دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان مفاہمت، امریکا اور چین میں تجارتی معاہدہ طے

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، تفصیلات آج شام جاری ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی معیشت کے لیے اہم پیش رفت، امریکا اور چین کے درمیان طویل عرصے سے جاری تجارتی مذاکرات کے بعد بالآخر ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کی تفصیلات پاکستانی وقت کے مطابق آج شام کسی وقت جاری کی جائیں گی۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے تجارتی مذاکرات میں نمایاں کامیابی کے بعد دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان معاہدے پر اتفاق ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق ان مذاکرات میں نائب صدر، دو وزراء اور سفیر نے شرکت کی، اور نتائج سے امریکی صدر کو فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اس اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ مذاکرات میں واضح اور نمایاں ترقی ہوئی ہے، جس کا نتیجہ ایک جامع تجارتی معاہدے کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریز نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد نہ صرف تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانا بھی ہے۔

یہ معاہدہ عالمی تجارتی منڈیوں میں استحکام کا سبب بن سکتا ہے اور دنیا بھر میں سرمایہ کاروں اور اقتصادی ماہرین کی نظریں اس کی تفصیلات پر جمی ہوئی ہیں، جو متوقع طور پر آج شام جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top