پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا، بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے گا، رانا ثناء اللہ

کراچی: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے اور آنے والے بجٹ میں عام آدمی کے لیے خوشخبری ہوگی۔

ان کے مطابق حکومت کی کوششوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور بجٹ میں خوشحالی کا پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔

اتوار کے روز گورنر ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور تاجروں سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب نے ملکی ترقی اور استحکام کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ کی قیادت میں حکومت نے دن رات محنت کی، جس کے باعث ملک معاشی بحران سے باہر آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا جائے گا اور خوشحالی کا نیا پروگرام شروع کیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج نے خطے میں مودی کی بالادستی کو چیلنج کیا ہے، اور بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی قسط رکوانے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اب پاکستان کو اپنی معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سابق امریکی صدر جو بائیڈن کینسر میں مبتلا

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لیے 25 ارب روپے کے اربن پیکج کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں نکاسی آب اور سڑکوں کی خراب صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے فور منصوبہ آئندہ سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

Scroll to Top