ٹرمپ کایورپی یونین پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کی درآمدی اشیا پر یکم جون سے 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی مصنوعات پر براہ راست 50 فیصد ٹیرف کی سفارش کی گئی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین امریکا سے تجارتی فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے بنائی گئی تھی اور اس کے ساتھ تجارت کرنا ہمیشہ سے ایک مشکل عمل رہا ہے۔

ٹرمپ کے اس اعلان پر یورپی یونین کے رہنماؤں نے شدید ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کی تجارتی دھمکیاں یورپی یونین اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے لیے نقصان دہ ہیں۔ یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی چاہتی ہے، لیکن اگر ضروری ہوا تو جوابی اقدامات کے لیے تیار ہے۔

فرانسیسی وزیر تجارت نے خبردار کیا کہ امریکی صدر کے اقدامات سے تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ جرمن وزیر معیشت نے کہا کہ تجارتی تنازعات میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ بجٹ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

ان کے مطابق امریکا اور یورپی یونین کو مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے، کیونکہ امریکی انتظامیہ کی تجارتی جنگ نہ صرف اسٹریٹجک بلکہ معاشی طور پر بھی ایک بڑی غلطی ہے، جس کا نقصان دونوں فریقوں کو اٹھانا پڑے گا۔

Scroll to Top