آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ بجٹ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ بجٹ تجاویز اور اقتصادی اصلاحات سے متعلق مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

آئی ایم ایف کے حکام نے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد بیان میں کہا کہ اگرچہ بجٹ تجاویز پر حتمی اتفاق نہیں ہو سکا، دونوں فریقین نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے آئندہ دنوں میں گفت و شنید جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

مذاکرات میں اگلے مالی سال کے بجٹ، وسیع تر اقتصادی پالیسی اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے مالیاتی استحکام کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایم ایف کے مطابق مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات ایک اہم موضوع رہا، جس کا مقصد معیشت کی پائیداری کو بہتر بنانا اور توانائی کی لاگت کو کم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ سخت مانیٹری پالیسی کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ شرح مبادلہ کو زیادہ لچکدار بنانے اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بجٹ پیش کرنے کی تاریخ تبدیل

آئی ایم ایف نے تصدیق کی کہ توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور ماحولیاتی تحفظ و پائیداری سہولت (RSF) کے جائزوں سے متعلق اگلا مشن 2025 کی دوسری ششماہی میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

Scroll to Top