مجھے امید ہے عمران خان عید سے قبل رہا ہوں گے ، بیرسٹر گوہر

مجھے امید ہے عمران خان عید سے قبل رہا ہوں گے ، بیرسٹر گوہر

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے امید ظاہر کی ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کو عید سے قبل رہائی مل جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کارکنان کا عمران خان کی رہائی سے متعلق سوالات اٹھانا بالکل جائز ہے اور ہم ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، تاہم تمام کارکنان سے گزارش ہے کہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں کیونکہ ہم ہر ممکن قانونی اور سیاسی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی دو سالہ قید ناقابلِ فہم ہے، کوئی بھی یہ تصور نہیں کرسکتا کہ عمران خان جیسے لیڈر نے اتنا وقت جیل میں کیوں گزارا۔ ان کی رہائی کے لیے ہم نے دھرنے دیے، احتجاج کیے اور پارلیمنٹ کے فورم پر بھی آواز بلند کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک اللہ والے انسان ہیں، وہ ہر لمحہ اللہ سے مدد مانگتے ہیں اور ہم بھی پرامید ہیں کہ اللہ تعالیٰ کوئی راستہ ضرور نکالے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کیس جلد فکس ہوگا اور فیصلے میرٹ پر ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر نے اس بات پر زور دیا کہ دو سال سے پارٹی کارکنان صبر و برداشت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب وہ تھک چکے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ بانی تحریک انصاف کے کیسز جلد سماعت کے لیے مقرر ہوں اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

Scroll to Top