ملزم زریاب کی عدم حاضری کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، عدالت نے اب فیصلہ 29 مئی کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور دیگر مرکزی رہنماؤں کے خلاف درج مختلف مقدمات میں آج اہم عدالتی کارروائیاں ہوئیں، جن میں توشہ خانہ ٹو کیس اور 9 مئی کے واقعات سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سماعتیں شامل تھیں۔
تاہم بیشتر مقدمات میں سماعتیں مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا۔ مقدمے میں شریک وکلا صفائی اور پراسیکیوشن ٹیم بھی عدالت میں موجود رہی۔
کیس میں چھٹے گواہ، قیصر محمود پر وکلائے صفائی کی جانب سے جرح مکمل کی گئی۔ کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ عدالت کی جانب سے بعد میں مقرر کی جائے گی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ رمنا پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ تاہم ملزم زریاب کی عدم حاضری کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔ عدالت نے اب فیصلہ 29 مئی کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔ زریاب کے وکیل نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
ذرائع کے مطابق، دیگر مقدمات میں بھی سماعتیں مختلف وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئی ہیں، جس کے باعث بعض قانونی معاملات تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔





