خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن سے تنگ عوام پر تشدد شرمناک ہے، بلاول بھٹو

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن سے تنگ عوام پر تشدد شرمناک ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں عوامی احتجاج پر ریاستی طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف آواز بلند کرنے والے عوام پر تشدد قابل مذمت اور قابل شرم ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پشاور میں ہونے والی ’’صوبہ بچاؤ تحریک‘‘ کی ریلی پر حکومتی ردعمل سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ریلی کے انعقاد پر پارٹی رہنماؤں کو شاباش دی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پرامن احتجاج سے گھبرا چکی ہے، اسی لیے ریاستی طاقت کے استعمال، آنسو گیس کی شیلنگ اور پولیس گردی کے ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے براہِ راست ٹکراؤ کی یہ حکمتِ عملی صوبائی حکومت کو مہنگی پڑے گی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’’صوبہ بچاؤ تحریک‘‘صرف ایک ریلی نہیں بلکہ یہ تحریک اب گلی گلی اور کوچہ کوچہ پھیلے گی۔ پی ٹی آئی کی ’’غنڈہ سرکار‘‘ جمہوری آواز کو دبانے میں ناکام رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے عوام کو نہ کبھی تنہا چھوڑے گی، نہ ہی ان کے آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔ عوامی طاقت کے بل بوتے پر کرپٹ عناصر اور جبر کی سیاست کو شکست دی جائے گی۔

Scroll to Top