شہباز شریف تاجکستان چلے گئے ، مختلف معاہدوں پر دستخط کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد تاجکستان روانہ ہو گئے، جہاں ان کی تاجک صدر امام علی رحمان سے دوطرفہ ملاقات شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جب کہ متعدد اہم معاہدوں پر دستخط کا بھی امکان ہےوزیراعظم اپنے دورے کے دوران تاجک قیادت کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے، علاقائی روابط اور توانائی منصوبوں میں شمولیت پر بات کریں گے۔ یہ دورہ پاک تاجک تعلقات میں نئی پیش رفت کی امید لے کر سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دورہ آذربائیجان کے دوران سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی تھی، جہاں آذری صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، جسے پاکستان کے لیے ایک بڑی اقتصادی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سہ فریقی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ایسا کبھی ممکن نہیں ہوگا کیونکہ پانی پاکستان کی ’’لائف لائن‘‘ ہے۔

وزیراعظم کا یہ مسلسل سفارتی دورہ نہ صرف خطے میں پاکستان کے اقتصادی مفادات کے تحفظ اور فروغ کا ذریعہ بن رہا ہے، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے۔

Scroll to Top