اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے، اسے نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں عوامی مفاد کے منافی ہیں۔ دارالحکومت کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔
تحریک انصاف نے اپنی طرزِ سیاست اور حکمرانی سے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی،…
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) September 20, 2026
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حصہ ہے، تاہم دھمکیوں اور تصادم کی سیاست کو جمہوری طرز عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں بدامنی پیدا کرنے یا سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
طارق فضل چودھری نے تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں سیاست کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے صوبے کو بدامنی اور بدانتظامی سے دوچار کیا جبکہ اس کی سیاست کے باعث سیاسی انتشار میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات آئین اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنے چاہئیں۔ دارالحکومت کو سیاسی کشیدگی اور تصادم کا مرکز بنانے سے ملک اور عوام دونوں کو نقصان پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جنید اکبر کی زبان بتا رہی ہے کہ عمران خان نے ان کو کیا سبق پڑھایا ہے، وزیر دفاع
وفاقی وزیر نے جنید اکبر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسلام آباد کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور صوبے کے عوام کی مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سومنات کا حوالہ میں نے اسلام آباد بار بار آنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ آپ ہمت کریں اور میری پوری تقریر نشر کریں۔ جہاں جہاں آپ کو میری کوئی بات غلط لگے، میں اس پر معافی اور معذرت کرنے کے لیے تیار ہوں۔
یہ ملک مجھے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور اپنی سیاست سے بھی بڑھ کر پیارا… https://t.co/beySR4y9k7
— Junaid Akbar (@JunaidAkbarMNA) September 20, 2026
طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ کسی بھی فرد یا گروہ کو اسلام آباد کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا جنید اکبر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت نے 27 ستمبر کے احتجاج کے دوران گولیاں چلائیں تو ’’ہم اسلام آباد کو سومنات بنا دیں گے، لاشیں اٹھائیں گے اور نئے لوگ ان کی جگہ لیں گے۔‘‘
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔





