خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،4افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور ضلع مہمند میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 4افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

 ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی اسلام آباد کلے میں کمرے کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہے،جسے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

تحصیل کاٹلنگ قاسمی میں دیوار گرنے سے 60 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی، انہیں ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اخوان بابا میں دیوار گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہوئے جنہیں ایم ایم سی ہسپتال پہنچایا گیا۔

بخشالی چمڈھیری روڈ، منگاہ، جبل مدرسہ اور رستم پیشکنڈو میں بھی دیوار اور گیٹ گرنے کے واقعات ہوئے جن میں متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب ضلع مہمند کے تحصیل صافی کے علاقے خانقاہ ماربل درنگ میں آج آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

ریسکیو1122 مہمند کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ریسپانس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نواگئی منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال غلنئی منتقل کی گئیں۔

Scroll to Top