پشاور(شاہد جان) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل و امور نوجوانان کا اجلاس چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی تاج محمد ترند، عبید الرحمان، حمید الرحمان، رجب علی خان عباسی، ریاض خان، ملک عدیل اقبال، عجب گل اور محمد خورشید نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بٹگرام سے متعلق مسئلے پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی شفیع اللہ جان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کےحوالے سے پانچ رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو عید کے بعد اپنی کارروائی کا آغاز کرے گی اور ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تکمیل سے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ خیبر پختونخوا میں واپس آئے گی بلکہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
اجلاس کے دوران محکمہ سے متعلقہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کا بھی جائزہ لیا گیا ہری پور، کوہاٹ اور سوات سے متعلق ترقیاتی و کھیلوں کے منصوبوں اور مسائل پر بھی تفصیل سے بحث کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر میں سکول ٹیچر کے مبینہ تشدد سے طالبعلم جاں بحق، ملزم گرفتار
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی اور کمیٹی کے سوالات کے جوابات دیے۔ چیئرمین کمیٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ خیبر پختونخوا کے نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔





