190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل،لیگل ٹیم کا قیام، نیب نے قانونی شکنجہ تیار کر لیا!

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں کی مؤثر پیروی کے لیے باقاعدہ قانونی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ اس ٹیم کی سربراہی ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کریں گے۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، قانونی ٹیم میں عرفان احمد بھولا، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم شامل ہیں۔ اس ٹیم کی تشکیل چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نیب کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے تاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کی مؤثر نمائندگی کی جا سکے۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ تشکیل دی گئی ٹیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دی گئی سزا معطلی کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت 5 جون کو مقرر ہے، جس میں مذکورہ قانونی ٹیم عدالت کے سامنے نیب کا مؤقف پیش کرے گی۔

Scroll to Top