پاکستان کی جانب سے کامیابی سے لانچ کیے گئے آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘کی گونج اب بھی بھارت میں سنائی دیتی ہے۔ اس آپریشن کے بعد بھارتی دفاعی ناکامیوں نے نہ صرف عسکری حلقوں میں سوالات کو جنم دیا بلکہ خود بھارتی فضائیہ کے سربراہ بھی برس پڑے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے دہلی میں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی سالانہ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے دفاعی شعبے کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا’’ہم جب کسی دفاعی معاہدے پر دستخط کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ وقت پر مکمل نہیں ہوگا، لیکن ہم پھر بھی معاہدہ کر لیتے ہیں۔ میں اعتماد سے کہتا ہوں کہ ایک بھی دفاعی منصوبہ وقت پر مکمل نہیں ہوا۔‘‘
بھارتی ائیر چیف نے سوال اٹھایا کہ ایسے غیر حقیقی وعدے کیوں کیے جاتے ہیں جنہیں پورا کرنا ممکن نہیں؟ انہوں نے دفاعی پالیسی سازوں کو خبردار کیا کہ اب صرف منصوبے پیش کرنے کے بجائے، ان کی مکمل تکمیل اور بروقت فراہمی پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کے انکشافات نے بھارتی دفاعی نظام کی سنجیدہ خامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے، خاص طور پر ان حالات میں جب بھارت کو پاکستان جیسے چوکنا اور دفاعی طور پر متحرک ہمسایہ ملک کا سامنا ہے۔
بھارتی تجزیہ کار سوشانت نے اس حوالے سے کہا’’اگر حکومت بروقت قدم اٹھاتی تو پاکستان سے جنگ میں نقصان کم ہوتا۔ تاخیر کی بڑی وجہ بعض حلقوں میں موجود سیاسی مداخلت ہے، جو فوجی تیاریوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔‘‘
یاد رہے کہ پاکستان کا آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ نہ صرف دفاعی سطح پر بھارت کی حکمت عملی کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کو نمایاں برتری دلانے کا باعث بنا۔





