گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکا کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین دیرینہ، گہرے اور ہمہ جہت تعلقات قائم ہیں، جنہیں باہمی احترام اور تعاون سے مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔
گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، فیصل کریم کنڈی نے امریکی سفارت خانے میں یومِ آزادی امریکا کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں تعینات امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر، حکومت امریکا اور امریکی عوام کو خیبرپختونخوا کے عوام اور اپنی جانب سے دلی مبارکباد دی۔
تقریب میں گورنر نے پشاور میں تعینات امریکی قونصل جنرل شانتی مور سے بھی ملاقات کی اور انہیں امریکا کے یومِ آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکا نے ماضی میں مختلف عالمی اور علاقائی چیلنجز کا سامنا مل کر کیا ہے، اور وقت کے ساتھ یہ تعلقات مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے امریکا کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً تعلیم، صحت، معیشت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں فراہم کردہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، وزرا، سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، جنہوں نے امریکا کے قومی دن کے موقع پر یکجہتی اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔





