پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام پارلیمانی سرگرمیوں میں ان سے فاصلہ رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے بانی کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کے تحت پارٹی کے پارلیمنٹرینز اسپیکر کی سربراہی میں کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری وفد کے ساتھ بیرون ملک دورے پر نہیں جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مدعو کردہ کسی بھی تقریب، اجلاس یا ملاقات میں بھی شرکت نہیں کریں گے، سوائے قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاسوں کے، جہاں تکنیکی امور پر تبادلہ خیال ضروری سمجھا گیا ہے۔
پارٹی کے تمام اراکین کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے، اور اس فیصلے کو فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب قومی اسمبلی میں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ قدم پارلیمانی سطح پر اختلافات کی شدت اور حکومت پر عدم اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔





