اسلام آباد: خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیاحتی سرگرمیوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صفائی سے متعلق تمام ادارے عید کے دوران متحرک رہیں گے، اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت قواعد کے مطابق ٹھکانے لگائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ گلی محلوں اور گھروں سے قربانی کے باقیات اٹھانے کا مؤثر بندوبست کیا جائے، جبکہ نمایاں مقامات پر آلائشیں اکٹھی کرنے کے لیے مخصوص پوائنٹس کی نشاندہی کی جائے اور عوام کو آگاہ کیا جائے۔ تمام آلائشیں ماحول دوست طریقے سے مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر تلف کی جائیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گرمی کی شدت بڑھنے سے ممکنہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں،گوشت بسیار خوری سے بچا جائے، ہسپتالوں میں طبی عملہ اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلی نے کہاکہ عید کی تعطیلات کے دوران خیبر پختونخوا کے سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، تحصیل میونسپل اداروں اور طبی مراکز سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیاحتی مقامات کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بچنے اور سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انٹری پوائنٹس پر معلوماتی بینرز آویزاں کر دیے جائیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف سیاحتی مقامات پر خصوصی کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ دریاؤں، ڈیموں اور نہانے کے مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں تعینات رہیں گی۔ ہنگامی طبی امداد کی فوری فراہمی کے لیے تمام مراکز صحت میں عملہ اور ضروری ادویات موجود ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،فیصل کریم کنڈی
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران پٹرول، ڈیزل اور اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری اقدامات کے لیے مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور طبی مراکز کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کا نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے۔





