ڈیرہ اسماعیل خان : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران اپنی رہائش گاہ پر معززینِ علاقہ، کارکنان اور شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور ترقیاتی مطالبات سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد امور پر فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی اضلاع کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر میں فلائی اوورز کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی۔
علی امین گنڈا پور نے صحت و تعلیم کے شعبوں میں جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اسکولوں کی بحالی، جدید تدریسی نظام کی شمولیت اور اساتذہ کی نئی بھرتیاں بھی حکومتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے مختلف سبسڈی اسکیمز، روزگار کے مواقع، سستے بازاروں کا قیام اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے، جبکہ ماضی کے نظرانداز شدہ وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی خدمت ان کی حکومت کی بنیادی ترجیح ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





