خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے۔ اجلاس کا تفصیلی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ایوان میں متعدد اہم بلز پیش کریں گے۔
ایجنڈے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پراسیکیوشن سروس آئین کے افعال و اختیارات کا ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے، جب کہ دیگر اہم قانون سازی میں چیرٹیز ترمیمی بل، لیگل ایڈ بل، سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بل اور آسان کاروبار سے متعلق ترمیمی بل شامل ہیں۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ کی جانب سے خیبرپختونخوا سزا ترمیمی بل کیلئے تحریک بھی پیش کی جائے گی، جو فوری غور و منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں کمیشن آف ویمن اسٹیٹس کے ترمیمی بل کو زیرِ غور لانے اور منظور کرنے کے لیے بھی علیحدہ تحاریک پیش کی جائیں گی، جن کا مقصد خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین میں بہتری لانا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی بحث متوقع ہے، جہاں حالیہ سیکورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے ممکنہ حکومتی اقدامات زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاسی و معاشی صورتِ حال پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان گرما گرم بحث بھی متوقع ہے۔





