وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں مجوزہ اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو)کے مطابق وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے باضابطہ وضاحت طلب کی ہے۔ وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں اس معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد جبکہ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے مقابلے میں اعلیٰ پارلیمانی عہدوں پر فائز شخصیات کی بھاری مراعات میں ممکنہ اضافے پر عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔

گزشتہ روز پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران جب نجی ٹی وی چینل نمائندے نے اس معاملے پر سوال کیا تو وزیر خزانہ نے چیئرمین، اسپیکر، وزرا اور ارکانِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ 2016 کے بعد ان کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں ان بھاری مراعات کو ’’مالی فحاشی‘‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے، جس سے حکومتی صفوں میں بھی اس فیصلے پر اختلاف رائے نمایاں ہو رہا ہے۔

Scroll to Top