خیبرپختونخوا میں مالی بحران،وفاق کو خط لکھ دیا

خیبرپختونخوا حکومت کا 165 ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ پیش، صحت، تعلیم، سڑکوں اور پانی کو ترجیح

خیبرپختونخوا حکومت نے بندوبستی اضلاع کی ہمہ جہت ترقی کے لیے 165 ارب روپے مالیت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کی تجویز دی ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، سماجی شعبوں اور معیاری خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق یہ ترقیاتی پروگرام مختلف شعبوں کی جامع بہتری کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے، جس میں سب سے زیادہ رقم 47 ارب 81 کروڑ روپے ملٹی سیکٹر ڈیویلپمنٹ کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس شعبے میں مختلف نوعیت کے منصوبے شامل ہوں گے جو علاقائی ترقی کو تیز کرنے میں مدد دیں گے۔

انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 20 ارب 79 کروڑ روپے نئی سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کیے جائیں گے، جس سے نقل و حمل میں بہتری اور مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

تعلیم اور صحت کے شعبے بھی اس ترقیاتی منصوبے کا اہم حصہ ہیں۔
ابتدائی و ثانوی تعلیم: 6 ارب 34 کروڑ روپے
صحت: 13 ارب 34 کروڑ روپے
اعلیٰ تعلیم: 4 ارب 79 کروڑ روپے
دیگر اہم شعبے جن کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، ان میں شامل ہیں:
زراعت: 4 ارب 83 کروڑ روپے
صاف پانی کی فراہمی: 5 ارب 59 کروڑ روپے
آبی وسائل (آبنوشی): 12 ارب 65 کروڑ روپے
توانائی کے منصوبے: 3 ارب 46 کروڑ روپے
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ ترقیاتی پروگرام وزیر اعلیٰ اور محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کی حتمی منظوری کے بعد صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبہ نہ صرف بندوبستی اضلاع کی محرومیوں کو دور کرنے میں مدد دے گا بلکہ صوبے میں روزگار، تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں پائیدار بہتری لائے گا۔

Scroll to Top