خیبرپختونخوا میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں طویل گرمی کے بعدمحکمہ موسمیات کی جانب سےاچھی خبر

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے (صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق یہ بارشیں کل سے پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق ان بارشوں سے چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ متاثر ہو سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستوں کی فراہمی کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی ننگی تاروں، خستہ حال عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے کسانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی معمولات طے کریں۔ سیاحوں اور حساس بالائی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور موسمی اپ ڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں معلومات مقامی زبانوں میں فراہم کی جائیں تاکہ عوام تک بروقت آگاہی ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایم اینڈ ڈی سی نےایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب جاری کر دیا

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاح موسم اور سڑکوں کی صورت حال کے حوالے سے سفر سے قبل پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ ضرور کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top