مسلم دنیا متحدنہ ہوئی تو سب کی باری آئے گی ، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم دنیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر مسلمان ممالک نے اتحاد نہ کیا تو ایک ایک کر کے سب نشانہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی بچوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور مسلسل مسلم دنیا کو نشانہ بنا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ’’اگر مسلم ممالک اپنے محدود قومی مفادات کے بجائے مشترکہ ایجنڈے کے تحت متحد نہ ہوئے تو کوئی ملک بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ اسرائیل نے فلسطین، ایران اور یمن کو باری باری نشانہ بنایا، اب وقت ہے کہ مسلمان دنیا بیدار ہو۔‘‘

انہوں نے ایران کو ’’ہمارا برادر ہمسایہ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی و مذہبی تعلقات ہیں جن کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ’’کل ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، اس حملے میں اسرائیل کو اکیلا نہ سمجھا جائے، اسے ہر طرح کا بین الاقوامی کور حاصل ہے۔‘‘

وفاقی وزیر نے او آئی سی کے اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسلامی ممالک کو مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے تاکہ اسرائیل کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔‘‘

خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’فلسطین میں معصوم بچوں کا قتلِ عام ہو رہا ہے لیکن مسلم ممالک کی طرف سے خاطرخواہ آواز نہیں اٹھ رہی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ غیر مسلم دنیا میں ضمیر جاگ رہے ہیں، مگر ہم خاموش ہیں۔‘‘

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ’’جن مسلم ممالک کے اسرائیل سے سفارتی یا تجارتی تعلقات ہیں، انہیں فوری طور پر منقطع کیا جائے، یہی وقت ہے صف بندی کا۔‘‘

وزیر دفاع نے پاکستان کی عسکری صلاحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ہم نے پانچ گنا بڑے دشمن کو مٹی میں ملا دیا تھا، لیکن ایسا تب ممکن ہوتا ہے جب قوم متحد ہو۔‘‘

Scroll to Top