خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں پولیس کانسٹیبل عمر محمد شہید ہو گئے۔
واقعہ تھانہ اتمانخیل کی حدود میں واقع علاقے حیاتے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق کانسٹیبل عمر محمد موقع پر ہی شہید ہو گئے، واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
تاحال حملے کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، پولیس کی جانب سےتفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے شہید اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان میں گھریلو تنازع پر فائرنگ، فیصل آباد سے آئے میاں بیوی قتل
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





