پشاور: موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید درجہ حرارت کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں 11 ہیٹ رسپانس یونٹس قائم کر دیے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ان یونٹس کا مقصد گرمی سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنا اور ممکنہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔ یہ یونٹس شہر کے مختلف اہم مقامات پر قائم کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
محکمہ صحت اور ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور اگر کسی کو گرمی کے اثرات محسوس ہوں تو فوری طور پر قریبی ہیٹ رسپانس یونٹ سے رجوع کریں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حملے کی صرف مذمت نہیں، ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مولانا فضل الرحمان
ماہرین صحت کے مطابق موجودہ موسمی حالات خطرناک حد تک گرم ہو چکے ہیں اور احتیاط نہ برتنے کی صورت میں شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سمیت دیگر طبی مسائل لاحق ہو سکتے ہیں۔





