پشاور : خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور شہر کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد اہم منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق اپ لفٹ پروگرام کے لیے 300 ملین روپے، جبکہ حیات آباد ڈی ٹور روڈ کی تکمیل کے لیے 400 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔
پشاور بیوٹیفکیشن فیز ٹو کے لیے 150 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ شہر کی بڑی نہروں کی تزئین و آرائش پر 300 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور سے ملحقہ علاقے حسن خیل میں ڈیم کی فزیبلٹی اور ڈیزائن کی تیاری کے لیے 50 ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
اسی طرح یونیورسٹی روڈ، رامداس چونگی اور لاہوری چوک پر انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے بھی 50 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن کی شاندار کارکردگی، مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ ریکوری
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد پشاور کو ایک جدید اور خوبصورت شہر بنانا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک مسائل کم ہوں گے بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔





