ایران میں راستے بند، ہزاروں پاکستانی شہری پھنس گئے

تہران: ایران میں جاری جنگی صورت حال اور مسلسل بمباری کے باعث ہزاروں پاکستانی شہری ایران میں پھنس گئے ہیں جبکہ پانچ ہزار کے قریب شہری اب تک وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے نجی ٹی وی سےگفتگو میں بتایا کہ ایران میں جاری کشیدہ حالات کے باعث پاکستانیوں کو واپسی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسلسل بمباری اور سڑکوں کی بندش کے باعث متعدد افراد سفر نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے بتایا کہ تہران کے حساس علاقے زون تھری میں اسرائیلی بمباری کے بعد کئی غیر ملکی سفیروں نے علاقہ خالی کر دیا ہے، اور پاکستانی سفیر بھی حفاظتی اقدام کے تحت رہائش چھوڑ کر وطن واپس آ چکے ہیں۔

مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستان کا سفارتی عملہ اب بھی ایران کے مختلف بڑے شہروں جیسے تہران، زاہدان، مشہد اور دیگر مقامات پر موجود ہے اور شہریوں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔ تقریباً 100 کے قریب سفارتی اہلکار ایران میں تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران و عراق کا سفر نہ کریں، امریکی شہریوں کے لیے سخت ٹریول ایڈوائزری جاری

سفیر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستانی شہری مشن تک پہنچ جائے تو سفارتخانہ اس کی واپسی کے لیے مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔

مشن کے تمام رابطہ نمبر آن لائن موجود ہیں اور 24 گھنٹے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری زاہدان، مشہد اور تہران میں موجود مشن سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top