محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے پیشہ ورانہ ٹیکس کی نئی شرح جاری کردی

پشاور: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے مالی سال 2024-25 کے لیے پیشہ ورانہ ٹیکس کی نئی شرح جاری کر دی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق مختلف شعبوں، پیشوں اور اداروں پر عائد ٹیکس میں رد و بدل کیا گیا ہے، بعض طبقات کو رعایت دی گئی ہے جبکہ کچھ پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نئی سکیم کے مطابق ماہانہ 20 ہزار سے 36 ہزار روپے آمدن والے افراد کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جو گزشتہ برس ایک ہزار روپے سالانہ ٹیکس ادا کرتے تھے۔

دوسری جانب، دس یا اس سے زیادہ ملازمین رکھنے والے تجارتی اداروں اور فیکٹریوں کا ٹیکس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے سالانہ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح، پرائیویٹ کلینکس اور ہسپتالوں کے لیے بھی ٹیکس کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ 10 ملازمین والے اداروں کا ٹیکس 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار، جبکہ 10 سے 50 ملازمین رکھنے والے ہسپتالوں کا ٹیکس 60 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز کے لیے ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔ پشاور میں پریکٹس کرنے والے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کا سالانہ ٹیکس 80 ہزار سے کم کر کے 40 ہزار جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں پریکٹس کرنے والے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کا ٹیکس 60 ہزار سے کم کر کے 35 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ غیرسپیشلسٹ ڈاکٹرز، حکیم، ہومیوپیتھ اور ڈینٹسٹ کا ٹیکس بھی کم کیا گیا ہے۔

سرکاری اداروں کو سامان یا خدمات فراہم کرنے والے کنٹریکٹرز کے لیے ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے، 10 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک کے معاہدے پر ٹیکس 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے سالانہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سیف سٹی عملے کی بھرتی کے لیے ای ٹی ای اے کو ذمہ داری سونپ دی گئی

اس کے علاوہ شادی ہالز اور لانز پر ٹیکس 60 ہزار سے بڑھا کر 70 ہزار، جیمز اور فٹنس سنٹرز پر صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ٹیکس 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار، الیکٹرانکس سٹورز پر ٹیکس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار جبکہ کیمسٹ اور میڈیکل سٹورز پر ٹیکس 20 ہزار سے کم کر کے 15 ہزار روپے سالانہ کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top