واشنگٹن ڈی سی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات اختتام پذیر ہوگئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ایران کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، اور انہوں نے عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ کی جانب نہ جا کر ایک دانشمندانہ فیصلہ کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اور اس تناؤ کے ماحول میں فیلڈ مارشل کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ تحسین ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ بھی دیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت جاری ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔





