خیبرپختونخوا میں صحت سہولیات میں انقلابی قدم، صحت کارڈ پلس کا بجٹ 35 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا

خیبرپختونخوا میں صحت سہولیات میں انقلابی قدم، صحت کارڈ پلس کا بجٹ 35 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا

خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے صحت کارڈ پلس پروگرام کا بجٹ بڑھا کر 35 ارب روپے کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لیے خصوصی طور پر 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ صحت کی بہتر سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق صحت کارڈ میں اب مہنگے اور پیچیدہ علاج بھی شامل کر دیے گئے ہیں جن میں گردے، جگر، دل کے امراض اور بون میرو کا علاج شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں اور بڑوں میں قوتِ سماعت کی بحالی کے لیے کوکلئیر ایمپلانٹ کا علاج بھی پیکیج میں شامل کر لیا گیا ہے۔

فراز مغل نے مزید کہا کہ اب شہری حادثات، ایمرجنسی کیسز، ذیابیطس، ہیپاٹائٹس، ڈائیلاسز اور کینسر جیسے مہنگے اور جان لیوا امراض کا علاج بھی مفت حاصل کر سکیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور صحت کی سہولیات سب کے لیے یکساں دستیاب ہوں گی۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

Scroll to Top